عورت مارچ؛ حکومت کا متنازع بینرز اور نعروں کے خلاف مقدمات کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورا الحق قادری کاکہنا ہے کہ عورت مارچ کے موقعے پر مبینہ منتازع بینرز اور گستاخانہ نعروں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر نوراالحق قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان عاشقان رسولﷺ کا ملک ہے یہاں پر شانِ رسالتؐ میں گستاخی کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر جاری شدہ مواد کی حقیقت تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ملوث کرداروں کو بےنقاب کر کے مقدمات دائر کریں گے۔وفاقی وزیر مذہبی امور کا یہ بھی کہنا تھا کہ عورت مارچ کے بینرز کو فوٹو شاپ کر کے نشر کرنے والے عناصر کو بھی سزا ملے گی۔
واضح رہے کہ 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین پر ہونے والے عورت مارچ میں مبینہ طور پر متنازع بینرز اور نعروں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ مارچ کے منتظمین اور شرکا کا مؤقف ہے کہ ویڈیوز اور تصاویر کو ایڈٹ کرکے ان میں متنازع مواد شامل کیا گیا ہے۔
Source: Express News
Comments
Post a Comment